اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے قبضے میں لئے گئے یورینیم پیکیج کے معاملے پر ہمارے ساتھ باضابطہ طور پر کوئی معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ہم لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے قبضے میں لئے گئے یورینیم پیکیج سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی معلومات ہمارے ساتھ باضابطہ طور پر شیئر نہیں کی گئی اور ہمیں یقین ہے کہ رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر قبضے میں لیا گیا یورینیم پاکستان سے عمان کے راستے ایک پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا۔