وفاقی حکومت نے جنیوا ڈونرز کانفرنس کے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے کام تیز کر دیا

07:49 PM, 11 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: جنیوا ڈونرز کانفرنس کے وعدوں پر عمل درآمد کیلئے وفاقی حکومت نے کام تیز کر دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت منصوبہ بندی اور دیگر محکمے فوری اقدامات لیں گے جبکہ سیلاب زدگان کی بحالی کے کاموں پر خود مختار بورڈ تشکیل دینے پر غور جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حکومت کی فنڈز منتقلی کو تیز اور شفاف بنانے کی حکمت عملی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق خود مختار بورڈ کو قومی سطح پر تشکیل دیا جائے گا جس میں معتبر شخصیات، پروفیشنلز، ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا جبکہ یہ بورڈ تعمیر نو کے کاموں کی نگرانی اور بحالی کے کاموں پر کو آرڈی نیشن کا بھی ذمہ دار ہو گا۔ 
ذرائع کے مطابق بورڈ ریکوری پلان پر تیار کردہ منصوبوں کی منظوری دینے کا مجاز ہوگا، جبکہ نگرانی کے ساتھ ساتھ سالانہ جائزہ بھی پیش کرے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کا بحالی کے منصوبوں کیلئے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ نظام لازم قرار دینے پر غور جاری ہے، جس کیلئے وفاقی حکومت پالیسی اینڈ اسٹریٹجی کمیٹی تشکیل دے گی، کمیٹی منصوبوں پر ماہرانہ رائے دے گی اور صوبوں سے کوآرڈی نیشن کو بھی یقینی بنائے گی جبکہ ٹیکنیکل مینجمنٹ کیلئے ذیلی کمیٹی کام کرے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر بھی منصوبوں کی تیاری کیلئے کمیٹیاں بنائی جائیں گے، منصوبوں کو شفاف بنانے کیلئے آڈٹ اور مانیٹرنگ کو سخت کرنے پر غور جاری ہے، آڈیٹر جنرل آف پاکستان منصوبوں کے ایکسٹرنل آڈٹ کرنے کا مجاز ہو گا اور لارج سکیل منصوبوں کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازم ہو گا اور اس کیلئے آڈٹ فرمز کی خدمات لی جائیں گے، منصوبوں کیلئے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ایجنٹ کی خدمات بھی لی جائیں گی۔ 
ذرائع کے مطابق تعمیر نو کے منصوبوں کیلئے کنسلٹنٹس بھی ہائر کئے جائیں گے، وزارت منصوبہ میں ریکوری اینڈ ری کنسٹرکشن یونٹ قائم کیا جائے گا، آر آر یو وزارت منصوبہ بندی میں بطور سیکرٹریٹ کام سرانجام دے گا، آر آر یو میں تمام صوبوں کی نمائندوں سمیت وفاقی وزراءبھی شامل ہوں گے، وزارت منصوبہ بندی بحالی کے تمام کاموں پر ڈیش بورڈ کا اجراءکرے گی، فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں کی تفصیلات ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی، منصوبوں کی مکمل فزیبیلٹی پر رقم جاری کی جائے گی۔

مزیدخبریں