لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ٹانگ ٹھیک ہوتے ہی ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے کہ ہم نے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی، ہمارے ارکان کو (ن) لیگ میں جانے کا کہا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں کو کہا جارہا ہے،ہم نے عمران خان کو مائنس کر دیا، لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے کہ ہم نے عمران خان پر ریڈلائن لگا دی، جو ریڈ لائن کی باتیں کرتے ہیں انہیں سیاست کی کچھ سمجھ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے سوا ارب روپے کی پیشکش کی گئی، ہمارے ارکان کو (ن) لیگ میں جانے کا کہا جارہا ہے، عوام کو ڈنڈے کے زور پر قابو نہیں کیا جا سکتا، حکومت کی معاشی پالیسی بھیک مانگنا ہے، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط مانیں تب بھی مہنگائی نہ مانیں تب بھی مہنگائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سازش کے تحت گرائی گئی اور حکومت میں آتے ہی امپورٹڈ ٹولے نے 1100 ارب کے نیب مقدمات معاف کرائے اور اب ملک کے معاشی حالات بھی انہوں نے خراب کئے، حکومت جب تک امریکہ کے جوتے نہ پالش کر لے ترقی کرنے کا نہیں سوچ سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب زدگان کیلئے ساری دنیا سے بھیک مانگ رہی ہے، عوام مہنگائی میں پس رہی ہے اور یہ دوروں پر جا رہے ہیں، ہمارے دور حکومت میں ہر چیز بہتر تھی، میری سیاست نہیں بلکہ جہاد ہے جو میں پاکستان کیلئے کر رہا ہوں، جیسے ہی میری ٹانگ ٹھیک ہو گی میں پھر سڑکوں پر آ جاؤں گا۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن ایک جمہوری عمل ہے جس سے ہمیں روکا گیا، حکومت الیکشن اس لئے نہیں لڑتی کہ وہ ہار کے ڈر سے خوفزدہ ہے، آصف زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے میری پارٹی کے سارے گندے انڈے خرید لئے جبکہ اعظم سواتی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ حکومت کا بہیمانہ تشدد برداشت کیا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جس تعداد میں ایم پی ایز آئے ہیں مجھے آپ لوگوں پر بڑا فخر ہے، مجھے احساس ہے کہ کس طرح آپ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، 5 لوگ خریدنے کیلئے سوا ارب روپے کی آفر کی گئی، پیسوں کی آفر الگ دی گئی، دھمکیاں بھی دیں گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمینٹ پر چن چن کر دباؤ ڈالا گیا، لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ عمران خان کو ہم نے مائنس کر دیا ہے، لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے کہ ہم نے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی ہے، یہ باتیں کرنے والے جان لیں کہ کسی پر ریڈ لائن صرف پاکستان کے عوام لگا سکتے ہیں اور کوئی نہیں، جس کو بھی یہ تکبر ہے کہ ہم نے ریڈ لائن ڈال دی ان میں عقل نہیں، جو ریڈ لائن لگانے کی باتیں کرتے ہیں انہیں سیاست کی کوئی سمجھ نہیں، ایسے لوگوں کو ملک کی کوئی فکر نہیں۔