اسلام آباد: (ریاض تھہیم) اتحادی حکومت کے 9 ماہ مکمل ہو گئے اور اس دوران آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، موجودہ دور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اسلام آباد, پنجاب کے بڑے شہروں میں آٹے کا تھیلا 1100 سے بڑھ کر 1295 روپے ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 9 ماہ کے دور حکومت میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1550 روپے تک مہنگا ہوا اور 20 کلو کا تھیلا ریکارڈ 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔ پشاور میں 9 ماہ کے دوران آٹے کا تھیلا 1550 روپے تک مہنگا ہوا اور کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1500 روپے تک بڑھی جبکہ حیدرآباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1480 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 9 ماہ کے دوران سکھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1420، بنوں میں 1400 روپے، لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 1300 روپے، خضدار میں 1220 روپے، اسلام آباد میں 195 روپے اور پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 195 روپے مہنگا ہوا جبکہ پشاور میں آٹے کا تھیلا 1100 سے مہنگا ہو کر 2650 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح کراچی میں آٹے کا تھیلا 1500 سے مہنگا ہو کر 3000 ہزار روپے تک پہنچ گیا، حیدرآباد میں آٹے کا تھیلا1400 سے بڑھ کر2880 روپے تک ہو گیا، سکھر میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1280 سے بڑھ کر 2700 روپے تک پہنچا، لاڑکانہ میں 1300 سے بڑھ کر 2600 روپے کا ہوا، کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1400 سے بڑھ کر 2700 روپے تک ہو گیا جبکہ خضدار میں آٹے کا تھیلا 1400 سے بڑھ کر 2620 روپے تک پہنچ گیا۔
اتحادی حکومت کے 9 ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
06:20 PM, 11 Jan, 2023