اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کریٹیکل ٹیلی کام ڈیٹا اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی ریگولیشنز (سی ٹی ڈی آئی ایس آر) پر مبنی سائبر سکیورٹی کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2022 جاری کردی ہے ۔
اس رپورٹ میں پاکستان میں ٹاپ 15 ٹیلی کام آپریٹروں کی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے تیاری کا تفصیلی تجزیہ بیان کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے نے سرفہرست 15 آپریٹروں کے آڈٹ کیے، جن کی درجہ بندی ان کے نیٹ ورک کے سائز، لائسنس کی اقسام اور دیگر عوامل کی بنیاد پر کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق کٹیگری نمبر ایک میں پاکستان موبائل کمیونیکیشنز لمیٹڈ (پی ایم سی ایل) جاز سر فہرست رہا (اس کٹیگری میں تمام موبائل فون آپریٹر اور ایک سے زائد لائسنس کے حامل بڑے فکسڈ لائن آپریٹرز شامل ہیں) اس کے بعد ٹیلی نار پاکستان رنر اپ رہا۔
کٹیگری نمبر دو کے مطابق ریڈ ٹون سرفہرست جبکہ ملٹی نیٹ رنر اپ رہا۔ اس کٹیگری میں درمیانے درجے سے لے کر بڑے آپریٹرز/آئی ایس پیز شامل ہیں۔ رپورٹ میں ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ مجموعی سائبر سکیورٹی انڈیکس (سی ایس آئی) شامل ہے علاوہ ازیں ٹیلی کام آپریٹرز کی درجہ بندی ان کی 16 سکیورٹی ڈومینز کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر کی گئی ہے جس میں سی ٹی ڈی آئی ایس آر میں 104 سکیورٹی کنٹرولز شامل ہیں۔ رپورٹ میں ٹیلی کام شعبے کے مضبوط اور کمزور شعبوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اور گزشتہ سال سائبر سکیورٹی سے متعلقہ اہم واقعات کے بارے میں مجموعی معلومات فراہم کی گئی ہے۔
سائبر سکیورٹی کی سالانہ رپورٹ برائے 2022 پی ٹی اے کی جانب سے سال 2020 میں شائع کیے گئے سائبر سیکیورٹی فریم ورک اور پی ٹی اے کی رجسٹرڈ سائبر سکیورٹی فرموں کے ذریعے کیے گئے تھرڈ پارٹی آڈٹ پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے پاکستان ٹیلی کام اور اس کے صارفین کو سائبر حملوں سے تحفظ کے حوالے سے پرعزم ہے۔ پی ٹی اے آپریٹروں کو سائبر سکیورٹی کے شعبے کو ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام سیکٹر کو سب کے لئے لچکدار بنانے کے ضمن میں مسلسل بہتری کی جانب کوشاں ہے۔