مری : این ایچ  اے کی برفباری کے باعث سیاحوں کو مری اور گلیات کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

02:49 PM, 11 Jan, 2023

 مری :نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے  برفباری کے  باعث  سیاحوں کو مری اور گلیات کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کی ہدایات جاری کرد یں ۔

ترجمان این ایچ  اے کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری کے پیش نظر قومی شاہراہوں کی بحالی کیلئے  این ایچ اے متحرک ہے ، ٹیموں کو  برف باری سے نمٹنے کیلئے مختلف مقامات پر الرٹ کردیا گیا ہے، برف اٹھانے اور  سڑکوں کی صفائی کیلئے مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

  این ایچ  اے  کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات  اسعد محمود کی ہدایت پر جی ایم ظفر یعقوب خان  تمام صورتحال کی نگرانی  کررہے ہیں ،مسافروں سے گزارش ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر  مری اور گلیات کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،  انتہائی ضروری سفر کے دوران  ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی سازو سامان   اور  سَنو چین ہمراہ رکھیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مری  میں معمول سے زیادہ برف باری اور رش  کی وجہ سے متعد د لوگ گاڑیوں میں محصور ہو کر جان کی بازی ہار گئے تھے ۔

مزیدخبریں