اسلام آباد (محمد اویس ) وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے ہر پولنگ سٹیشن پر جی ایچ کیو نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے انکارکردیا ہے۔ فوج سرحدوں اور اندرونی سیکورٹی پر تعینات ہے 20 ہزار کی نفری فراہم نہیں کرسکتے۔
نیو نیوز کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں پولنگ اسٹیشنز کے باہر پاک فوج اور رینجرز کی اسٹیٹک تعیناتی کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب میں وزارت داخلہ نے جوابی خط لکھ دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ 5 جنوری کو حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پاک فوج اور ریجنرز تعیناتی کی درخواست کی گئی ۔معاملہ جی ایچ کیو کے ساتھ اٹھایا گیا۔ جی ایچ کیو نے کہا ہے کہ صوبائی محکمہ داخلہ پولنگ اسٹیشن پر پہلے درجے یا اسٹیٹک تعیناتی پر پولیس/ مطلوبہ دستے فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق جی ایچ کیو نے کہا کہ سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج صرف دوسرے یا تیسرے مرحلے پر بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کی جا سکتی ہے۔ اس وقت فوج سرحدوں اور اندرونی سیکیورٹی پر تعینات ہے۔
جی ایچ کیو کا کہنا ہے کہ 2395 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر اسٹیٹک تعیناتی کے لیے 20 ہزار فوج اور رینجرز کو فراہم نہیں کیا جا سکتا ۔آرمی اور رینجرز بطور دوسرے اور تیسرے درجے تعیناتی کے لیے دستیاب ہوں گی۔
واضح ہرے کہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی 8924 پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس ڈکلیر کیا یے ۔ کسی پولنگ اسٹیشن کو نارمل ڈیکلیر نہیں کیا گیا۔