اسلام آباد:(محمد اویس ) مارگلہ پہاڑوں کا قدرتی حسن تباہ کرنے سے متعلق کیس میں عدالت نے بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
عدالت میں سرکار کی جانب سے وکیل حسنین حیدر پیش ہوئے،عدالت نے حکم دیاکہ آئندہ سماعت پر ملزم محمد علی سیف پر فرد جرم عائد کی جائیگی، بیرسٹر محمد علی سیف کو 30 جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے ۔
سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف کا کہنا تھا کہ عدالت کا کام انصاف مہیا کرنا ہے ، بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہمیں عدالت پر 100 فیصد یقین ہے، جس پرعدالت نے کہا آپ ایک قانون دان ہیں، آپ کو پتہ ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، آپ کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے جاری کئے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ پیر سٹرسیف کے وارنٹ گرفتاری سی ڈی اے انوائرنمنٹ کی خلاف ورزی پر جاری کئے گئے تھے ،بیرسٹر محمد علی سیف نے پشاور ہائی کورٹ سے 2 روز قبل راہداری ضمانت منظور کروائی تھی تا کہ وہ گرفتاری سے بچتے ہوئے سینٹر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے میں پیش ہوسکیں۔
خیال رہے کہ سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے محمد علی سیف کے 6 جنوری کو وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، بیرسٹر محمد علی سیف کو 11 جنوری کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔