راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں داخلی سکیورٹی کی صورتِ حال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت 246ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی، ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ردالفساد کی تازہ ترین پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مری کے برفانی طوفان اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے متاثرین کو مدد کو سراہا۔ ان قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشن میں شامل فارمیشن کی کوششوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھنے پر زور دیا۔