سعودی اور چینی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، ایران کے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال

سعودی اور چینی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، ایران کے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال
کیپشن: سعودی اور چینی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات، ایران کے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

بیجنگ: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے چین میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں ایران جوہری معاہدے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اہم سرکاری دورے پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ چین کے شہر ووشی پہنچے جہاں ان کا استقبال وزیر خارجہ وانگ ایی نے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علیحدہ ملاقات بھی کی جس میں ایران کے جوہری معاہدے سمیت اقتصادی اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اقتصادی امور بشمول کنگڈم وژن 2030 اور چین سعودی مشترکہ کمیٹی پر بھی گفتگو ہوئی۔ سعودی اور چینی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجراف نے چینی حکام کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی۔

واضح رہے کہ اٹلانٹک کونسل کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں چین اور سعودی تجارت کی مالیت 73 ارب ڈالر تھی جس میں اضافے کے لیے دونوں ممالک مزید معاہدے کر رہے ہیں۔