اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا بے حس حکمران اور پی ٹی آئی جیسی بے حس حکومت نہیں دیکھی۔ مری میں اسلام آبادسے ایک گھنٹہ دور سانحہ ہوتا ہے اور وزیر اعظم اور وزرا کا رد عمل دیکھ لیں۔ یہ بے حسی نہیں تو کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی وزرا کو مشورہ دیا کہ حکومتی وزرا کام کریں نہ کریں ٹویٹ ضرور کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے وزرا ہر چیز کا الزام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ سانحہ مری کا الزام بھی متاثرین پر ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ جتوئی معاملے کی انکوائری ہو گی ۔میرے علم میں یہ واقعہ کل آیا ہے۔ معاملے میں جو بھی ملوث ہو گا سزا ملے گی ۔جہاں غلطی کی نشاندہی ہو درست کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چینی ،آٹا،یوریا بحران ہو تو سندھ حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔کراچی میں کرکٹ کے میدان آباد کرکے دکھائے ہیں۔اس بار کراچی اور لاہور میں کرکٹ میچزہونا خوش آئند ہے۔
کورونا کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ اومیکرون ویرینٹ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے ۔کراچی 11،لاہور 25 اور پشاور میں 16 افراد وینٹی لیٹر پر ہیں۔ماسک کا استعمال لازمی کریں جن کی ویکسی نیشن کو 6 ماہ ہو گئے بوسٹرڈوز لگوائیں۔