اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر مری میں انتظامات کیے جاتے تو سانحہ رونما نہ ہوتا۔ آج تک ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا ۔الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں کہا ملک کا وزیراعظم غیر قانونی کمپنیاں چلا رہا ہے، مگر اس پر عدالتیں خاموش ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج تک عمران خان نے کوئی بینک اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کرائی۔ حکومت بتانے سے قاصر ہے کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدے ہوئے ہیں؟اسٹیٹ بینک کے گورنر کو واسرائے کیوں لگایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کیمرے عدالتوں کے اندر جاسکیں تو معلوم ہو گا احتساب کا عمل کیسے چل رہا ہے؟ثاقب نثار آج تک اس کاجواب نہیں دے سکے کہ نواز شریف اور مریم کے کیسز پر اثر انداز ہوئے یا نہیں۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا۔ ملک میں جو ظلم ہوئے انکا حساب لیا جائے گا۔آج مسئلہ صرف مہنگائی نہیں حکومت کی نااہلی اور گڈ گورننس نہ ہونا ہے۔