پاکستان کیخلاف بھارتی شر انگیزیاں، مراد سعید نے دونوں ایوانوں میں بحث کی ضرورت اجاگر کردی

Indian incitement against Pakistan, Murad Saeed highlighted the need for debate in both the houses
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان کیخلاف بھارتی شر انگیزیوں اور ڈس انفولیب کے انکشافات کے بعد پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بحث کی ضرورت اجاگر کر دی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات کی جانب سے اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصراور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو الگ، الگ خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطوط میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے خصوصی اجلاس بلانے اور معاملے پر تفصیلی بحث کی استدعا کی ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف بھارت کثیر الجہتی یلغار کر رہا ہے۔ پارلیمان میں مفصل بحث سے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔ پاکستان جنوبی ایشیا سمیت مسلم امہ کا کلیدی اور اقوام متحدہ کا متحرک ترین رکن ہے۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان جغرافیہ کے باعث علاقائی وعالمی سیاست میں غیر معمولی حیثیت اور کردار کا حامل ہے۔ پاکستان امن کے فروغ اور انسانوں کی فلاح وترقی کی ہر عالمی کاوش میں شراکت دار ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار جانوں کی قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی طور پر 100 ارب ڈالرز سے زائد کی قربانی دی۔ پاکستان افغان مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کے ذریعے امن کا دروازہ کھولنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی ماحولیاتی تغیرات کے سنگین خطرات کے ازالے کیلئے بھی پاکستان متحرک ہے۔ اس کے علاوہ کورونا سے تحفظ کیلئے پاکستان کی کارکردگی بھی اقوام عالم سے پوشیدہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب نازی ازم سے متاثر بھارت معصوم انسانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہا ہے۔ بھارت اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان کے گرد شر کا جال بن رہا ہے۔