اسلام آباد: بجلی کے بریک ڈاؤن کے معاملے پر مسلم لیگ ( ن ) نے عمرایوب اور فیصل واوڈا کے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے ۔
مسلم لیگ ن کی ایم پی اے سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی ، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے ۔
قرار داد کے متن میں درج ہے کہ تحقیقاتی کمیشن میں وزیربجلی و پانی سمیت تمام متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے ، تحقیقاتی کمیشن فرائض میں غفلت برتنے والے افراد کا تعین کرے ۔
قرارد اد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیشن ایک ہفتے میں اپنے رپورٹ پبلک کرے ، تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر عمر ایوب اور فیصل واوڈا فوری مستعفی ہوں ۔
خیال رہے کہ ہفتے کی رات گیارہ بج کر اکتالیس منٹ پر گدو پاورپلانٹ میں خرابی پیدا ہوئی جس کے سبب ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکونسی پچاس سے صفر پرائی اور پاور پلانٹس بند ہوگئے ۔
پاور پلانٹ کی سیفٹی سسٹمز نے خود کو شٹ ڈاؤن کرنا شروع کردیا اور فالٹ کے باعث دس ہزار تین سو دو میگاواٹ سسٹم سے آؤٹ ہوگئے ۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا پانچ سو کے وی کا سسٹم ٹرپ کرنے سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔
بریک ڈاؤن کے بعد این ٹی ڈی سے نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ سنٹرل پاور جنریشن کمپنی نے ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہونے کے بعد تھرمل پاور اسٹیشن میں کام کرنے والے سات اہلکار معطل کردیے ہیں ۔
جونیئر انجینئر، دو آپریٹر اور دو اٹینڈنٹ بھی شامل ہیں ، مذکورہ اہلکاروں کو ابتدائی انکوائری کے بعد معطل کیا گیا ہے ۔