عالمی وبا کی وجہ سے ہماری کارکردگی متاثر ہوئی، ہیڈ کوچ مصباح الحق

12:07 PM, 11 Jan, 2021

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ہارنے کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکتے، تاہم عالمی وبا کی وجہ سے ہماری کارکردگی متاثر ہوئی۔ نوجوان کرکٹرز اپنا بھرپور کھیل پیش نہیں کر سکے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ دنیا کی مضبوط ترین ٹیم ہے تاہم سیریز ہارنا مایوس کن ہے۔ ٹیم کی تیاری میں ہم نے سو فیصد کوشش کی تھی لیکن جو توقعات تھیں اس پر ہم پورا نہیں اتر سکے۔ 

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے پر کوئی جواز پیش کرنے نہیں آیا تاہم نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کی وجوہات کو سمجھنا اہم ہے۔ کھلاڑیوں میں انجریز بڑھ رہی ہیں، یہ سب کچھ موجودہ حالات کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ سب کوچز کو کورونا کی وجہ سے مسائل پیش آ رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کو بہت دیر قرنطینہ میں رکھا گیا جس کی وجہ سے وہ ٹھیک طرح سے پریکٹس نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے زخمی ہونے سے بھی ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ بابر اعظم کا ٹیم میں نہ ہونا ایسا ہی ہے جیسے نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ویلمسن نہ کھیلیں۔ میں معذرت کرنے نہیں آیا لیکن ہمیں مایوسی ہے کہ ہم نیوزی لینڈ سے سیریز ہار گئے۔ میں اس معاملے پر گورننگ بورڈ کے سامنے بھی پیش ہو چکا ہوں۔ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس معمول کی بات ہے۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کافی ساری چیزیں ایسی ہیں جس کی وجہ سے ہم سیریز ہارے۔ کتنی بھی کوشش کر لیں لیکن کرکٹ قسمت کا کھیل ہوتا ہے۔ عالمی وبا کی وجہ سے بھی ہماری کارکردگی متاثر ہوئی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دستیاب وسائل اور حالات میں سخت محنت کی تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیل کے تمام شعبوں میں ہم سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کے کیچز ڈراپ ہوئے، بیٹنگ بھی اچھی نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں