ایلون مسک کی گرل فرینڈ بھی وبائی مرض میں مبتلا، خود کو آئسولیٹ کرلیا

08:50 AM, 11 Jan, 2021

لاس اینجلس: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سپیس ایکس، ٹیسلا کے بانی، دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کی گرل فرینڈ بھی عالمی مرض کا شکار ہو گئی ہیں۔ گلوکارہ گریمز نے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے گریمز نے خود بیماری میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انھیں مرض نے جکڑ لیا ہے، انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے وہ اس کو خوب انجوائے کر رہی ہیں۔

کینیڈین گلوکارہ گریمز مشہور ارب پتی بزنس مین ایلون مسک کی دوست ہیں۔ دونوں کے ہاں کچھ عرصہ قبل بیٹا پیدا ہوا تھا۔ گریمز نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنی طبیعت کے بارے میں تو اطلاع دیدی ہے تاہم انہوں نے اپنے بیٹے اور بوائے فرینڈ ایلون مسک کی طبیعت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ایلون مسک اور گریمز کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے دلچسپ نام نے پوری دنیا کی توجہ حاصل کر لی تھی۔ تاہم بعد ازاں جوڑے کو یہ نام تبدیل کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال اپنی جائیداد بیچنے کے بعد بھی خبروں کی زینت بنے رہے۔

تاہم رواں سال ایلون مسک نے دنیا کا سب سے امیر شخص بننے کا کارنامہ سرانجام دے دیا ہے۔ انہوں نے اس دوڑ میں ایمزون کے بانی جیف بیزوس، مائیکروسافٹ کے سربراہ بل گیٹس اور فیس بک چیئرمین مارک زکربرگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک کی دولت کا اندازہ تقریباً 188 ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔

ذہن میں رہے کہ ایلون مسک دنیا کی جدید ترین گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ٹیسلا اور خلا کی وسعتوں کی دریافت کیلئے بنائی کمپنی سپیس ایکس کے بانی ہیں۔

مزیدخبریں