اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے اومان کے سلطان قابوس بن سعد السعد کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلطان قابوس ایک دور اندیش رہنما تھے اور انہوں نے اومان کو فعال اور جدید ریاست میں تبدیل کیا۔
عزت مآب سلطان قابوس بن سعید آل سعید کی رحلت پر اومان کے عوام سےتعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ ایک دانا شخصیت تھے جنہوں نے اومان کو جدیدریاست کیصورت میں ڈھالا۔ انکی رحلت سےاومان نےاپناعزیز قائد کھویاتوپاکستان ایک بااعتمادقریبی دوست سےمحروم ہوگیا۔اللہ کریم ان پرابدی سکون نچھاور کریں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 11, 2020
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سلطان قابوس کی وفات سے اومان ہردلعزیز رہنما جبکہ پاکستان ایک قریبی اور بااعتماد دوست سے محروم ہوگیا، انہوں نے مرحوم کیلئے دعا مغفرت کی۔
دوسری طرف وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلطنت عمان کے ہردلعزیز حکمران سلطان قابوس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سلطان قابوس ایک نیک دل اور عادل حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔
وزیر خارجہ نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔