عدن: حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں متعدد یمنی فوج ہلاک جب کہ چیف آف اسٹاف سمیت کئی سینئر افسران زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی باغیوں نے بندرگاہی شہر عدن میں واقع’العند‘ فوجی اڈے پر جاری پریڈ کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت یمنی حکومتی فوج کی مرکزی قیادت پریڈ دیکھنے کے لیے تقریب میں شریک تھی۔
حکام نے حملے میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں 20 دیگر فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں چیف آف اسٹاف جنرل عبداللہ النخی، یمنی انٹیلی جنس سروس کے سربراہ محمد صالح تاماح، سینئر ملٹری کمانڈر محمد جواز اور لاحیج کے گورنر احمد الترکی بھی شامل ہیں۔
حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ 70 سے 100 کلوگرام دھماکا خیز مواد ڈرون میں موجود تھا جس نے مرکزی اسٹیج پر یمنی فوجی قیادت کی جاسوسی کے بعد فضا سے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
حوثی باغیوں کی تنظیم کے سربراہ عبدالمالک نے اعلان کیا تھا کہ وہ دشمنوں کے خلاف میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔