نوابشاہ : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ امریکہ سے تعلقات بگاڑنا حماقت ہے ، آئندہ حکومت امریکہ سے تعلقات کوبہترکرے گی۔
نوابشاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ حکومت میں نوازشریف اپوزیشن میں ہونگے، ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں گنجائش نہیں ہے،مجھے توسینیٹ کے الیکشن بھی ہوتے نظرآرہے ہیں۔ زینب کے قتل پر آصف زرداری نے کہا کہ قصور میں معصوم بچی کا قتل شہباز حکومت کی ناکامی ہے،پنجاب حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب رات کےاندھیرے میں تعزیت کرنے قصورپہنچے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قصور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواب شاہ میں پینے کے پانی کیلئے 30کروڑروپے کے فنڈزدیے ہیں۔ نواب شاہ میں گرلزکیڈٹ کالج کا تحفہ دیا جوپورے ملک میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات ہوچکی ہیں کہ شوگرملیں میری ملکیت نہیں۔