کوئٹہ : مسلم لیگ ن اور ق لیگ کےارکان میرعبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ بلوچستان بنانے پرمتفق ہوگئے، تاہم قائد ایوان بلوچستان اسمبلی کا اعلان کچھ دیر بعد پریس کانفرنس میں کیا جائےگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنائاللہ زہری کے استعفے کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہے۔ بلوچستان میں اب نئے قائد ایوان کیلئے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے سرفرازبگٹی، صالح بھوتانی،چنگیز مری، میر جان جمالی اور عبدالقدوس بزنجو کے نام دوڑ میں شامل تھے۔
تاہم مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق نے متفقہ امیدوارعبدالقدوس بزنجو کے نام پراتفاق کیا ہے۔ واضح رہے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ تاہم تحریک کی منظوری کیلئے اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی ثنائ اللہ زہری نے اپنے عہدے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔