بچیوں کے لیے گڑیا بنانے والی امریکی کمپنی نے سال 2018 کے لیے خصوصی خلانورد گڑیا متعارف کروادی۔
سی این این رپورٹ کے مطابق 11 برس کی چلیئن-امریکن لڑکی لوسیانا ویگا نامی گڑیا نے سب کو متاثر کردیا ہے، جو مریخ پر جانا چاہتی ہے۔‘امریکن گرلز’ نامی کمپنی 6 سے 12 سال کی عمر کی بچیوں کے لیے 18 انچ قد کی حامل گڑیائیں تیار کرتی ہے۔
کمپنی کایہ بھی کہنا ہے کہ لوسیانا کا کردار یہ سوچ کر تخلیق کیا گیا ہے کہ چھوٹی بچیوں میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں دلچسپی کو فروغ دیا جاسکے۔
کمپنی کے مطابق بچیاں اس سے ناکامی کے باوجود ڈٹے رہنے کا سبق سیکھیں گی اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔امریکی کمپنی نے لوسیانا ویگا کو رواں برس 2018 کی خصوصی ایسٹرونوٹ (خلانورد) گڑیا قرار دیا ہے۔
اس گڑیا کو خلانوردوں کا مخصوص لباس پہنایا گیا ہے جس کے ساتھ روبوٹک پروجیکٹ کا سامان بھی ہوگا، یہ گڑیا ان روبوٹک پروجیکٹس پر کام کرنے کے بھی قابل ہوگی۔
کمپنی کامزید کہنا ہے کہ یہ نہ صرف بچیوں کے لیے متاثر کن ہے بلکہ ان تمام افراد کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ لڑکیاں بھی ہر شعبے میں اپنا مقام بنا سکتی ہیں۔