اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سینئروکیل احمد رضا قصوری کے بیان کی تردید کردی،چیف جسٹس نے خود سے منسوب بیان کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ احمد رضا قصوری کازینب کے قاتل کی گرفتاری سے متعلق بیان بے بنیاد ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ کا کہناہے کہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے سینئروکیل احمد رضا قصوری کے بیان کی تردید کردی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ احمد رضا قصوری نے چیف جسٹس کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق چیف جسٹس نے زینب قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری کی کوئی بات نہیں کی۔ چیف جسٹس نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کی تھی۔
واضح رہے کہ سینئر وکیل احمد رضا قصوری نے بیان دیاتھا کہ میں چیف جسٹس پاکستان کاازخود نوٹس لینے پرشکریہ اداکرنے گیاتھا تومجھے چیف جسٹس پاکستان نے خوشخبری دی ہے کہ ملزم گرفتار ہوگیاہے۔احمد رضا قصوری نے کہا کہ قصور میں زینب قتل کیس کاملزم گرفتارہوگیاہے،فوٹیج میں جوملزم ہے وہ انکارشتہ دار ہی ہے۔