ریاض :سعودی عرب نے 25 سال سے زائد خواتین کو اکیلے مملکت کے سفر کی اجازت دیدی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وہ خواتین جو کہ اکیلے سعودی عرب کا سفر کرنا چاہتی ہیں اور ان کی عمر 25 سال سے زائد ہے تو وہ سیاحتی ویزا حاصل کرکے اپنی خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتی ہیں۔
اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے سیاحت کے سعودی کمیشن اورادارہ برائے قومی ورثہکے ترجمان نے کہا کہ اس فیصلے کا اطلاق صرف 25 سال سے زائد عمر کی خواتین پر لاگو ہوگا جبکہ اس سے کم عمر خواتین کے ساتھ ان کے خاندان کے کسی فرد کا ہونا لازمی ہے.
لائسنسنگ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عمر المبارک نے کہا کہ”سیاحتی ویزا انفرادی داخلے کی نوعیت کا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ اس کی مدت 30 دن کی ہوگی“۔واضح رہے کہ یہ ویزا صرف سیاحتی مقصد کیلئے استعمال ہوگا نا کہ مملکت میں کام کرنے ،حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ اقدام اٹھانے کا مقصد مملکت میں سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ اس ویزا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگ سفر کریں اور نئی نوکریاں پیدا ہوسکیں۔