قصور: قصور میں احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری شعیب اور محمد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اس موقع پر علاقے کی فضا سوگوار رہی۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں شہریوں کی میتوں کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کرنے کے لئے لے جایا گیا۔
یاد رہے کہ چھ روز قبل قصور کی رہائشی 7 سالہ زینب کو اغوا کر لیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز پولیس کو زینب کی لاش شہباز خان روڈ پر کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی جسے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
اہل علاقہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور شہر میں توڑ پھوڑ اور سڑکوں کو بلاک کر دیا تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں