ٹرمپ انتظامیہ نے امریکیوں کو پاکستان جانے سے روک دیا

11:30 AM, 11 Jan, 2018

نیو یارک: امریکا نے اپنے شہریوں کے لئے نئی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے تحت امریکیوں کو افغانستان اور پاکستان سمیت بھارت جانے سے بھی روکا گیا ہے۔ امریکا کی جانب سے جاری کیے گئے نئے ہدایت نامے میں 4 درجہ بندیاں بنائی گئیں جس کے مطابق دوسرے درجے میں احتیاط، تیسرے میں سفر پر نظرِثانی اور چوتھے میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ہدایت نامے میں بھارت کو دوسرے، پاکستان کو تیسرے اور افغانستان کو چوتھے درجے میں رکھا گیا ہے۔ ادھر امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی شہری افغانستان کے سفر سے گریز اور بھارت کے سفر میں احتیاط کریں۔

محکمہ خارجہ کے مطابق بھارت کو جرائم اور دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے دوسرے درجے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سفری ہدایات میں پاکستان کو تیسرے درجے میں رکھا ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سفر پر نظرِثانی کی جائے اور بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا اور آزاد کشمیر کے سفر سے گریز کیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں