لندن: بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کے ساتھ لندن کے دورے پر گئے صحافیوں نے بھارت کی عزت خاک میں ملا دی اور کھانے کے دوران ہوٹل کے چاندی کے چمچے چرانے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔
آؤٹ لک کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی اِن دنوں لندن کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر ان کے ساتھ گئے ہوئے ایک بنگالی اخبار کے رپورٹر نے کانفرنس ہال میں کھانے کے دوران میز پر سے ایک چمچ اٹھایا اور اپنی جیب میں منتقل کر دیا۔
اس حرکت سے دیگر صحافی بھی 'متاثر' ہوئے اور انہوں نے بھی چاندی کے چمچ اٹھا کر اپنی اپنی گود میں موجود بیگوں اور پرس میں رکھ لیے لیکن ان صحافیوں کو شاید یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی چوری ہوٹل میں لگے خفیہ سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو رہی ہے۔
جب ہوٹل کے سیکیورٹی عملے نے اس واقعے کی نشاندہی کی تو زیادہ تر صحافیوں نے چاندی کے برتن واپس کر دیئے لیکن ایک صحافی نے یہ ماننے سے ہی انکار کر دیا کہ انہوں نے ایسی کوئی حرکت کی ہے حالانکہ کیمرے میں ان کا یہ 'کارنامہ' بخوبی ریکارڈ ہو چکا تھا۔ہوٹل انتظامیہ نے بھارتی صحافیوں سے چمچے برآمد کر کے 50 پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں