واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس کے ایک ارب سے زائد صارفین ہیں۔ مگر اس کی مقبولیت کی بڑی وجہ یہ ہے کہ واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر کے صارفین کے لیے مفت ہے۔ تاہم بہت جلد اس میں تبدیلی آئے گی کیونکہ ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ واٹس ایپ اپنی سروس کا نیا ورژن متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے جس کے استعمال کے لیے صارفین کو ادائیگی کرنا ہوگی۔
واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ اور ونڈوز فون کے بیٹا ورژنز میں 'انٹرپرائز' سروس کے نام کے نئے پلیٹ فارم کے اشارے ملے ہیں۔ اس کے نام سے عندیہ ملتا ہے کہ آخرکار واٹس ایپ اپنے علیحدہ کاروباری پلیٹ فارم کو متعارف کرانے کے قریب پہنچ گئی ہے۔یہ نئی دفتری میسجنگ ایپ سلیک اور اسکائپ کی طرح کام کرے گی جو کہ کاروباری اداروں کو اپنے صارفین کا بیس بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ دفتر واٹس ایپ دوسری ایپ سے کس حد تک مختلف ہوگی یا اس میں کیا کیا فیچرز ہوں گے۔ مگر یہ واضح ہے کہ واٹس ایپ دفاتر میں مقبول ترین انسٹنٹ میسنجر بننے کے خیال کو پسند کرتی ہے جو کہ پہلے ہی سیکیورٹی کے حالظ سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت فراہم کررہی ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ اپنے آغاز میں اپنی سروس کے لیے صارفین سے فیس لیتی تھی جسے گزشتہ سال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔