اسلام آباد:قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا، جس کے تحت اراکین کی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس بل کو رومینہ خورشید عالم نے پیش کیا اور ایوان نے اس پر اتفاق رائے سے منظوری دی۔
بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، جس پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اگر کسی رکن کو بڑھائی گئی تنخواہ نہیں چاہیے تو وہ تحریری طور پر آگاہ کر دے۔ اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کو جعلی قرار دیتی ہے لیکن اس طرح کے اہم معاملات پر سنجیدہ نہیں ہوتی۔
قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی پہلے ہی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات کو وفاقی سیکریٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے چکی تھی، جس کے بعد اس فیصلے کے مطابق اراکین کی تنخواہ اب 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔