امارات :وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ابو ظہبی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے دبئی کا دورہ کیا ہے۔
ملاقات کے دوران، وزیراعظم کو صدر یو اے ای نے خوش آمدید کہا اور اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان جاری ترقیاتی منصوبوں، اقتصادی تعلقات، اور تجارتی روابط پر گفتگو کی اور دونوں ممالک کے مفادات کے لیے مزید اقدامات پر بات کی۔
ملاقات میں عالمی گورننس کے چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی سطح پر اقتصادی ترقی کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ، مشرق وسطیٰ میں موجودہ حالات اور علاقائی امن کے حوالے سے بھی اہم بات چیت کی گئی، جس میں بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔