کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں غیر رجسٹرڈ مائنز کی فوری رجسٹریشن کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائنز کی رائلٹی کے نرخوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور مقامی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں ان رائلٹیز کا فائدہ پہنچایا جائے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت دکی مائنز ایریا میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر مائنز میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکریٹری بلوچستان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکی مائنز کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے 200 جوانوں کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکی مائنز ایریا میں سکیورٹی کے تمام اداروں کی باہمی رابطہ کاری ضروری ہے تاکہ وہاں کے عوام کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔