ریاض:وزیراعظم شہباز شریف نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے دوران خطاب کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مستقل حل 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی آزادی اور انصاف کی جانب بڑھنے کے لیے عالمی برادری کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں کو بھی اجاگر کیا اور بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح 2.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ترقی ملکی اقتصادی ٹرانسفارمیشن کے بنیادی جزو ہیں۔