لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے 4 سالہ دور میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا ، طلباءکسی کی سیاست کا ایندھن نہ بنیں۔ انہوں نے یہ بات جشن سٹیم میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سرکاری سکولوں کے بچوں پر فخر محسوس کرتی ہیں اور یقین رکھتی ہیں کہ سرکاری سکولوں کے بچوں میں بہت پوٹینشل ہے، جنہیں تھوڑی سی توجہ دی جائے تو وہ دنیا فتح کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر بچوں پر بہت محنت کر رہے ہیں، اور ان کی کوششوں کا نتیجہ آج ان بچوں کی محنت میں نظر آ رہا ہے جنہوں نے کلین انرجی کے پراجیکٹس اور سمارٹ سٹی ماڈلز بنائے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ وہ ان 1100 بچوں کو ایک ایک لیپ ٹاپ دیں گی جو ان مقابلوں میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 2 لاکھ 75 ہزار بچوں میں سے جو یہاں موجود ہیں، ان کے خواب بہت بڑے ہیں اور ان کی کامیابی کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے دور میں شروع ہونے والی آئی ٹی لیبز کی اسکیم کو جاری رکھتے ہوئے، وہ تمام بچوں کو جدید آئی ٹی لیبز فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں 49 ہزار سکولز ہیں اور وہ ان سب میں بہتر وسائل اور ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مریم نواز نے سکالر شپس کے بارے میں بھی بات کی، اور بتایا کہ 30 ہزار بچوں کو سکالر شپس دی گئی ہیں، اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے وہ 50 ہزار سکالر شپس دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، اور مخالفین پر الزامات لگانے والے عوام کی خدمت نہیں کر سکتے۔ مریم نواز نے طلبہ سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی ذاتی مفاد کے لیے ملک کے خلاف اقدام نہ اٹھائیں اور مخالفین کی ذاتی تنقیدوں کو نظر انداز کر کے اپنی محنت پر توجہ دیں۔