غزہ : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ایک حاملہ خاتون سمیت تین فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق، غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی شہری کو شہید کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں مغربی کنارے میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کی خریداری کی پیشکش کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ حماس نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کو "رئیل سٹیٹ ڈیلر" کی طرح دیکھنے کی سوچ سے ناکامی ہوگی۔
اسرائیل کی فوج کے نیٹزارم کوریڈور سے انخلاء کے بعد فلسطینیوں کی اپنے گھروں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت اسرائیلی وفد دوحہ پہنچ چکا ہے اور حماس کے ساتھ مذاکرات کی توقع ہے، جو رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔