غزہ منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو گھر واپسی کا کوئی حق نہیں ملے گا،صدر ٹرمپ

09:54 AM, 11 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ واپس جانے کا حق نہیں ملے گا، کیونکہ ان کے لیے غزہ سے کہیں بہتر رہائشی علاقے فراہم کیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا کہ غزہ کے باہر فلسطینیوں کے لیے 6 مختلف جگہیں مختص کی جائیں گی، جہاں وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کر سکیں گے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق، فلسطینیوں کے لیے ایک مستقل رہائشی حل تلاش کیا جا رہا ہے، اور اگر وہ غزہ واپس بھی آنا چاہیں گے تو کئی سال لگیں گے کیونکہ غزہ ابھی رہائش کے قابل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے لیے خوبصورت اور محفوظ رہائشی علاقے بنائے جائیں گے۔ ان کے مطابق، ان نئے علاقوں میں فلسطینیوں کو زیادہ محفوظ اور بہتر رہائش ملے گی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ٹرمپ نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کی پٹی اسرائیل کے ذریعے امریکا کے حوالے کی جائے گی۔

مزیدخبریں