اسلام آباد: سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ گھڑی چور اپنی خیر منائے اس کو نہیں چھوڑیں گے۔ میں نے کہا تھا کہ حکومت سے نکل کر عوام میں ہیلمٹ پہن کر جانا تو اس نے عوام میں نکلنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ الیکشن سے سلیکشن والے ڈرتے ہیں مسلم لیگ ن نہیں۔ 2018 ء کی تمہاری سلیکشن کمیٹی ٹوٹ گئی ۔ سلیکٹر گھر چلے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا کہ شہبازشریف اور اسحاق ڈار کو چاہیے تھا کہ آئی ایم ایف سے بات نہ کرتے بلکہ زمان پارک میں چھپ کر بیٹھے شخص کو کہتے کہ آئی ایم ایف سے بات کرو۔اس کو آئی ایم ایف کے سامنے بٹھاتے اور پوچھتے کہ ملک کو کیسے گروی رکھا۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت میں تھا تو کہتا تھا کہ میں آلو اور پیاز کی قیمتیں دیکھنے نہیں آیا۔ خود تو زمان پارک کے بنکر میں بیٹھ گیا لیکن عوام کے چولہے بجھ گئے۔ عمران خان کا رونا دھونا اس لیے ہے کہ اس کو تالی بجانے کیلئے دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا۔ کل اسٹیبلشمنٹ کو کہا رہا تھا کہ میں نے ہاتھ بڑھا یا ہے لیکن آپ کا ہاتھ نہیں مل رہا۔