لاہور :نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے واربرٹن میں مبینہ طور پر توہین قرآن کے ملزم کو مشتعل مظاہرین کے تھانے سے نکال کر قتل کرنے اور اس کی لاش کو جلانے کا نوٹس لے لیا ۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی،نگران وزیراعلی کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائیگی ۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں تھانہ واربرٹن کی حدود میں مبینہ طور پر توہین قرآن پاک کا واقعہ ہوا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا لیکن مظاہرین نے ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑایا اور تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
مظاہرین نے ملزم کو ہلاک کرنے کے بعد لاش کو جلا دیا ۔ واقعہ کے وقت پولیس اہلکار اور ایس ایچ او تھانے سے فرار ہوگئے تھے۔