کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے:فواد 

10:06 PM, 11 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلا م آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد نے کہا  کہ آج حکومت کے خلاف تحریک اعتماد لانے کے لئے پاکستان کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی بیٹھک ہوئی، اپوزیشن جرات کرے اور کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئے۔

پی ڈی ایم رہنما ؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا سکے۔ شہباز شریف کا خیال ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے وہ 18 فروری کو لگنے والی فرد جرم سے بچ سکتے ہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی پہلے دن سے حکومت کو گھر بھیجنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ان کے بازوؤں میں طاقت نہیں ہے۔ آج پی ڈی ایم کے رہنماؤں کی گفتگو سے ان کی کمزوریاں نظر آ رہی تھیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج ہے کہ وہ کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں۔

پاکستان تحریک انصاف اور خود اپوزیشن کے ارکان اسمبلی انہیں سرپرائز دیں گے۔ اپوزیشن میں وہ سیاسی چوہے ہیں جن کا خیال  ہے کہ وہ چھت پر زیادہ دوڑیں گے تو زیادہ آواز آئے گی اور اس طرح وہ بچ جائیں گے۔

مزیدخبریں