بلاول بھٹو نے بھی حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

06:44 PM, 11 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کوٹ ادو :چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا 27 فروری کے عوامی مارچ کا موبالائزیشن جنوری سے چلا رہا ہوں، ساؤتھ پنجاب میں اسی لیے آیا تھا کہ عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر کروں،ہم کراچی سے نکل کر سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہونگے ۔

 کوٹ ادو میں میڈیا سے گفتگو میں  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا پورے پنجاب سے ہوتے ہوئے ہمارا مارچ اسلام آباد پہنچے گا،ہماری اس تمام تر جدوجہد کا مقصد ہے عوام کے پاس جانا ہے اور انکے ساتھ کھڑا ہونا ہے،عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے ہر طبقہ کو قتل کیا جارہا ہے ،اس ملک کے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے ،بے روزگاری بہت زیادہ ہوچکی ہے ہر شہری مشکلات کا شکار ہوچکا ہے یہ سب اس سلیکیٹڈ کا عوام کو تحفہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا اس حکومت کی نالائقی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے،اب تمام مسائل کا حل عمران خان کا جانا ہے،عمران خان سے اب عوامی حساب لیا جائے گا،پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،عوام کا اس حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے ،لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی کے اور انکے اتحادیوں کے حلقوں سے ہوتے ہوئے گزریں گے۔

انہوں نے کہا پی پی پی نے ہی پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی ،اختلافات اپنی جگہ اس بات پر ہم سب متفق ہیں کہ عمران خان کو تو اب جانا ہے ،پی ڈی ایم کی بنیاد رکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ یہی تھا خان صاحب کو ہر صورت ہٹانا ہے ،پی پی پی پہلے دن سے ہی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اس کٹھ پتلی حکومت کو جمہوری طریقے سے ہٹانا ہے،یہ ہی ہمارا مطالبہ تھا پی ڈی ایم سے بھی کہ عدم اعتماد کے ذریعے اس نااہل حکومت کو ہٹانا ہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہم عوامی مطالبے پر سیاست کرتے ہیں مارچ اس لیے کررہے ہیں آج عوام مشکل میں  ہے ،ظالم حکمرانوں کیخلاف اعلان جنگ یہ ہی وقت کا مطالبہ ہے ،میں شاباش دیتا ہوں ورکرز کو بائے الیکشن میں ہمارا ووٹر بڑی تعداد میں آیا ،ہمیں کہا جاتا تھا پنجاب سے ختم ہوگئے لیکن ایسا نہیں ہے ،جو آج کی صورتحال ہے تمام اپوزیشن کو  ایک پوائنٹ پر آنا ہوگا ،میں امید کرتا ہوں اپوزیشن ایک پوائنٹ پر آئے گی ۔

مزیدخبریں