گجرات: لالہ موسیٰ کے لنڈا بازار میں آگ لگنے سے دو سسو سے زائد دکانیں جل گئیں، دو گاڑیاں اور ایک رکشہ بھی لپیٹ میں آگیا، فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا،کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے صوبہ پنجاب کے شہر لالہ موسی کے لنڈا بازار کی دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کرتے رہے تاہم آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسو سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔دکانداروں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لنڈا بازار کو باقاعدہ ٹارگٹ کرکے آگ لگائی گئی اور نہ ہی کسی نے آگ بجھانے میں بروقت اقدامات کیئے۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پنجاب کے شہر قصور میں بھی گتہ فیکٹری میں بھی آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں دو مزدوروں جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔