وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی

07:03 PM, 11 Feb, 2021

اسلام آباد، وزیراعظم  نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان سے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی جس میں شیخ رشید، پرویز خٹک اور  علی محمد خان شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات میں وزارت خزانہ کے حکام نے بریفنگ دی اور تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا  جب کہ اس دوران سرکاری ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی جس کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کی کوشش کی جس پر پولیس نے ملازمین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔

مزیدخبریں