اسلام آباد: وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات 2018 میں ایم پی ایز کی ویڈیو لیک کے معاملے پر تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق وزیراعظم نے ایم پی ایز کی ویڈیو کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ۔
کمیٹی میں فواد چودھری، شیریں مزاری اور شہزاد اکبر شامل ہوں گے۔ کمیٹی ویڈیو سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایک ماہ میں وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی ملوث افراد کے خلاف فوجداری اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی سے متعلق تجاویز دے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن 2018 ایم پی ایز کی خرید و فروخت کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی ۔ ویڈیو ارکان اسمبلی کو پیسے وصول کرتے دیکھا گیا۔
سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ کے بدلے ضمیر کے سودے ہوتے رہے۔ 2018 میں پی ٹی آئی کے 20 ارکان کو فارغ کیا گیا۔ 2018 کے سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی ارکان کروڑوں میں بکے۔
حکومت کی جانب سے سینیٹ انتخابات 2021 اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔
سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کا صدارتی ریفرنس بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی آرڈیننس بھی جاری ہو چکا ہے اور صدارتی آرڈیننس کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔