اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں موجود ہے۔ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ بھارت نے حق خود ارادیت کی تحریک کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ بھارت ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر 18 ماہ سے مکمل فوجی محاصرے میں ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات شبلی فراز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قابض افواج 70 سال سے کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہی ہیں۔ حکومت نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات غیر قانونی ہیں۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ5 اگست کے بعد سلامتی کونسل میں 3 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔