پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

12:23 PM, 11 Feb, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا اتحاد بدگمانیوں پر قائم، اس کی کامیابی کا امکان نہیں ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کی ہیں، اس دوران حلقوں کے مسائل کے حل اور سینیٹ الیکشن پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اراکین اسمبلی نے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کیلئے ترقیاتی پیکج دینے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ ماڑی، سخی سرور سمیت متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں کبھی کوئی وزیراعلیٰ نہیں گیا۔ پنجاب کے دور افتادہ علاقوں میں جا کرعوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے مل کر ان کے مسائل حل کرتا ہوں۔ ڈیرہ غازیخان ہی نہیں، پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کا وکیل ہوں۔ تعلیم، صحت اور آبپاشی سے متعلق مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل بھی حل کر رہے ہیں۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد تشکیل سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہو گیا تھا۔ پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان ہے۔ پی ڈی ایم استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ ایک دوسرے پر عدم اعتماد کے ساتھ جلسے جلوس تو ہو سکتے ہیں، تحریک نہیں چلتی۔

مزیدخبریں