اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا انعقاد 3 مارچ کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 12 سے 13 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ نامزد امیدواروں کے نام 14 فروری کو لگائے جائیں گے
ای سی پی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہوگی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ سینیٹ انتخابات مارچ کی 2، 3 اور 4 تاریخ کو کئے جا سکتے ہیں۔ تاہم اب حتمی شیڈول کی منظوری دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہونگے۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی ماحول میں تلخی بڑھتی جا رہی ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ اس معاملے میں اوپن بیلٹنگ ہونی چاہیے تاکہ ہارس ٹریڈنگ کا راستہ ہی روک دیا جائے۔ اس سلسلے میں صدارتی ریفرنس بھی جاری کیا جا چکا ہے لیکن اسے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی ارکان کی خرید وفروخت کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے رہنما ایک دوسرے پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے پاس یہ ویڈیو موجود ہوتی تو وہ اسے عدالت کے روبرو پیش کردیتے لیکن مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے پاس یہ ویڈیو گزشتہ ڈھائی سال سے موجود تھی لیکن انہوں نے سینیٹ انتخابات سے قبل جاری کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔