راولپنڈی: کشمیر ڈے پر بھارتی کھلاڑی راہول راجو کو شکست دینے والے مکس مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑی احمد مجتبیٰ کی ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند کرنے پر نوجوان کھلاڑی احمد مجتبیٰ کی تعریف کی۔ احمد مجتبیٰ کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ انہوں نے 2013ء سے انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کرنا شروع کی تھی۔
احمد مجتبیٰ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی حوصلہ افزائی اور حمایت پر شکر گزار ہوں۔
پاکستانی مکس مارشل آرٹس کھلاڑی احمد مجتبیٰ نے لکھا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اللہ پر یقین رکھیں، محنت اورعزم کے اصول کو اپنائیں۔ خیال رہے کہ احمد مجتبیٰ نے گزشتہ ہفتے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی راہول راجو کو شکست دی تھی۔
یہ تاریخی مقابلہ سنگاپور میں منعقد ہوا تھا۔ اس مقابلے میں احمد مجتبیٰ نے پہلے ہی منٹ میں بھارتی کھلاڑی کے چہرے پر ایسا زوردار مکا رسید کیا کہ وہ زمین پر گر کر دوبارہ اٹھنے کے قابل نہیں رہا۔
فتح کے بعد احمد مجتبیٰ نے رنگ میں پاکستانی پرچم لہرایا اور شہادت کی انگلی آسمان کی طرف اٹھا کر اشارہ کیا کہ میرا نہیں اللہ پاک کا کمال ہے۔ اس تاریخی موقع پر ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ احمد مجتبیٰ نے اللہ کے حضور سجدہ کرکے اس کا شکر بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی مکس مارشل آرٹس کھلاڑی فرقان چیمہ اور راہول راجو کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔ 2019ء میں ہونے والے اس مقابلے میں راہول راجو کے ہاتھوں پاکستانی کھلاڑی کو شکست ہو گئی تھی۔