لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج شام 6 بجے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پریکٹس میں مصروف ہیں۔
ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جبکہ مہمان ٹیم جنوبی افریقا کی کپتانی کے فرائض ہنریک کلاسین سنبھالیں گے۔
اس سلسلے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے کپتانوں نے گزشتہ روز ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی اور میڈیا کے سامنے تصویریں بنوائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچ لاہور کے قذافی سٹیڈٰیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹونٹی کی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کا چوتھا جبکہ جنوبی افریقا کا پانچواں نمبر ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق اب تک دونوں ٹیمیں 14 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں۔ ان میچوں میں جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری رہا جو اب تک پاکستان کیخلاف 8 میچ جیت چکی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو 6 میچوں میں فتح نصیب ہوئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو کلین سوئپ کر دیا تھا۔
کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ راولپنڈی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر آئی سی سی کی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔