تحریک انصاف کو بڑا سیاسی جھٹکا، سردار خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

08:31 AM, 11 Feb, 2021

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کو سینیٹ انتخابات سے قبل بہت بڑا جھٹکا لگا ہے۔ مظفر گڑھ سے انتخابات جیت آزاد حیثیت میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ایم پی اے سردار خرم لغاری نے پارٹی سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سردار خرم لغاری کی جانب سے تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکمرانوں سے عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے، اس صورتحال میں ان کا ساتھ دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں سردار خرم لغاری نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کو چھوڑنے والوں میرے علاوہ 5 اور صوبائی اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں جو جلد ہی حکمران جماعت کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کو کیوں چھوڑ رہے ہیں؟ اس بات کا اعلان خود میڈیا کے سامنے کریں گے۔ ذہن میں رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں سردار خرم لغاری مظفر گڑھ کے حلقہ 275 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات جیتے تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل خرم لغاری ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول چیئرمین کے عہدے سے بھی مستعفیٰ ہو گئے تھے۔

خرم لغاری کا موقف ہے کہ انہوں نے متعدد بار پارٹی قائدین کے سامنے اپنے حلقے کے عوام کے مسائل اٹھائے لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے سوال اٹھایا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل جن نوجوانوں کو ساتھ چل کر چلنے کا وعدہ کیا تھا وہ آج کہاں ہیں؟

مزیدخبریں