پی سی بی کا کینگروز کیخلاف ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

11:08 AM, 11 Feb, 2019

لاہور:پی سی بی نے آسٹریلیا کیخلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق سیریز 22 سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

ا س سیریز سے پاکستان کو ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔یادرہے کہ پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کو سیریز کے ایک، دو میچز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی اور حکام کا موقف تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے بعد پاکستان انٹرنیشنل میچز کیلئے آسٹریلیا کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے البتہ آسٹریلیا نے اپنے مشیروں کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے پر سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کردیا لیکن اس کے باوجود پی سی بی کا اصرار تھا کہ حتمی معاملات طے نہیں ہوئے تاہم اب پاکستان میں میچز منعقد نہ ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

آسٹریلین ٹیم نے آخری مرتبہ 1998  میں پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن ملک میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے سبب کینگروز نے 20 سال سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اس دوران تمام سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلی گئی ہیں۔

پاکستان میں سیریز کھیلنے سے انکار کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ 2019  کے پاکستان میں منعقد ہونے والے میچوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنے سیکیورٹی ماہرین کو بھیجیں گے جبکہ پاکستان میں دیگر ٹیموں کے میچز منعقد ہونے کی صورت میں بھی وہ اپنے ماہرین کو بھیجا جائے گا۔

بورڈ ڈائریکٹر ذاکر خان نے کہا کہ پی سی بی گزشتہ اٹھارہ ماہ میں پاکستان سپر لیگ اور باہمی سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کو اپنی ٹیم چند میچوں کیلئے پاکستان بھیجنے کیلئے قائل کرنے کے حوالے سے خاصا پر امید تھا تاہم پر جوش اور پر عزم شائقین کیلئے مایوس ہیں جنہیں ملک میں انٹر نیشنل مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے مزید انتظارکرنا ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 22 مارچ سے شارجہ میں ہو گا جس کے بعد یہی میدان 24مارچ کو بھی دونوں ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔ابوظہبی سیریز کے واحد میچ کی میزبانی 27مارچ کو کرے گا جس کے بعد اختتامی میچز کیلئے دونوں ٹیمیں 29 اور 31 مارچ کو دبئی میں مقابل ہوں گی۔

مزیدخبریں