پشاور: شمالی وزیرستان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے جھوٹے الزامات کا پول کھولنے والے شخص ملک متورکے کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں واقع خیسور گاؤں میں اتوار کے روز فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
ملک متورکے نے اس سے قبل بیان دیا تھا کہ وہ شریعت اللہ کا ماموں ہے اور شریعت اللہ کے گھر میں سیکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران بالخصوص خواتین کو ہراساں نہیں کیا گیا تھا اوراس ضمن میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا پروپیگنڈا جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
متورکے نے بتایا تھا کہ فورسز کی تلاشی کے دوران وہ خود اس گھر میں موجود تھا۔ واضح رہے کہ شریعت اللہ پر مری پیٹرولیم کمپنی کے ایک ملازم پر اغوا اور اسے حبسِ بے جا میں رکھنے کا الزام تھا۔
ذرائع کے مطابق اس نے ایک حلف نامے پر دستخط بھی کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ اس ضمن میں سیکیورٹی فورسزکی جانب سے کوئی غلط قدم نہیں اٹھایا گیا تھا اور پی ٹی ایم نے اسے سوشل میڈیا پر تنقید کا ہدف بنایا تھا۔