پنجاب میں پولیس مقابلوں پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس،تحریک انصاف بھی میدان میں آگئی،اہم بیان جاری کردیا گیا
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور:پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں جعلی پولیس مقابلوں پر چیف جسٹس پاکستان کے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیس میں فریق بننے اور سپریم کورٹ کی معاونت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس کا پنجاب پولیس مقابلوں پر نوٹس کا اقدام مستحسن ہے اورتحریک انصاف اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مقابلوں میں مارے جانے والے غریب لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ،اس لئے تحریک انصاف پنجاب پولیس کے جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت مارے جانے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی ایما پر جعلی پولیس مقابلوں کا ریکارڈ بہت خوفناک ہے،باقی پنجاب میں ایسے پولیس مقابلوں کا کوئی شمار ہی نہیں جبکہ صرف قصور میں 137 لوگوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا گیا۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے پنجاب میں پولیس مقابلوں کی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی ہے۔